موٹروے پولیس نے 19 لاکھ روپے مالیت کے گمشدہ زیورات اور موبائل فون مالک کے حوالے کر دیے

اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی فیملی کا پرس ایم-14 داؤد خیل کے قریب گم ہوگیا تھا، بروقت سرچ آپریشن کے بعد بحفاظت برآمد

اسلام آباد (آصف ملک) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے تقریباً 19 لاکھ روپے مالیت کے گمشدہ زیورات اور موبائل فون تلاش کرکے ان کے اصل مالک کے حوالے کر دیے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی ایک فیملی نے ایم-14 داؤد خیل کے قریب پرس گم ہونے کی اطلاع دی۔ فیملی کا کہنا تھا کہ بچوں سے غیر ارادی طور پر پرس گاڑی سے باہر گر گیا تھا۔
گمشدہ پرس میں تقریباً 17 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور 2 لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون موجود تھا۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس نے تمام متعلقہ پٹرولنگ موبائلز کو فوری طور پر الرٹ جاری کیا اور جامع سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ترجمان کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں گمشدہ پرس بحفاظت برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ متاثرہ فیملی نے موٹروے پولیس کی فوری مدد، دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔