مری میں نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن قائم، منشیات فروشوں کی اطلاع دینے کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل
مری (راجہ عثمان علی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "منشیات سے پاک پنجاب، صحت مند اور محفوظ پنجاب” کے تحت پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے ضلع مری میں نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن (NCS) مری قائم کر دیا ہے۔ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن مری، کرنل مراد علی خان نے مری اور گلیات کے شہریوں، والدین، اساتذہ اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے کی مہم میں بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے، محلے، تعلیمی ادارے یا ہوٹل کے اطراف منشیات فروش، سپلائر یا پیڈلر کی سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی ایک بروقت اطلاع کئی خاندانوں کو تباہی سے بچا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت ہر صورت خفیہ رکھی جائے گی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔شہری منشیات سے متعلق اطلاعات کے لیے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی ہیلپ لائن 1012 یا ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن مری کے موبائل نمبر 0337-3724890 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔کرنل مراد علی خان نے کہا کہ عوام کے تعاون سے مری کو منشیات سے پاک، محفوظ اور صحت مند ضلع بنایا جا سکتا ہے۔





