دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، سردار ایاز صادق
اسلام آباد(اظہار خان نیازی)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع زیارت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زیارت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملہ ملک دشمن عناصر کی مذموم سازش ہے، تاہم دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، جبکہ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی بہادری، جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔





