سیالکوٹ (رپورٹ: وسیم ملک) معروف کاروباری و سماجی شخصیت میاں شمس نے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا حق، صداقت، صبر اور استقامت کا ایسا عظیم درس دیتا ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے باطل کے سامنے سر نہ جھکا کر حق و انصاف کی سربلندی کی ایک لازوال مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں ایثار، قربانی، برداشت اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا پیغام دیتا ہے۔ واقعۂ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو ہمیں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ فراہم کرتا ہے۔
میاں شمس نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرتِ امام حسینؑ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں میں دیانتداری، اخلاص اور خدمتِ خلق کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم واقعۂ کربلا کے حقیقی پیغام کو سمجھ لیں تو معاشرے سے بہت سی برائیاں ختم ہو سکتی ہیں اور امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ مل سکتا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام ہمیں اپنے کردار اور اعمال کا جائزہ لینے اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔





