سی پیک 2.0 میں زراعت، آئی ٹی، صاف توانائی، معدنیات اور انسانی وسائل کی ترقی کے نئے مواقع موجود ہیں، چیئرمین سینیٹ

پاکستان چین دوستی لازوال، قومی اتفاقِ رائے کی علامت ہے، یوسف رضا گیلانی

سی پیک 2.0 میں زراعت، آئی ٹی، صاف توانائی، معدنیات اور انسانی وسائل کی ترقی کے نئے مواقع موجود ہیں، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی دوست اور ہر آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے والے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، پاکستان چین دوستی کو ملک میں وسیع سیاسی حمایت حاصل ہے اور یہ دوستی قومی اتفاق رائے کی علامت بن چکی ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان تبادلے باہمی افہام و تفہیم، اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں، چینی وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات روایتی سفارتی روابط سے کہیں آگے بڑھ کر باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی جامع شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، سیاسی جماعتوں اور اداروں کے درمیان باقاعدہ روابط دوطرفہ تعلقات کی بنیادوں کو مزید مضبوط بنانے کیلئے نہایت اہم ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین کی غیر معمولی ترقی اور معاشی و سماجی تبدیلی کا تجربہ ترقی پذیر ممالک کیلئے اہم رہنمائی فراہم کرتا ہے، پاکستان چین تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے پارلیمانی اور سیاسی روابط انتہائی اہم ہیں، پاکستان چین تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے چینی قیادت اور عوام کی مسلسل حمایت قابل تحسین ہے جبکہ پاکستان چین دوستی پاکستانی عوام کے دلوں میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے، سیمینار میں ہونے والی تعمیری اور نتیجہ خیز گفتگو دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط بنائے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے سیمینار کے اختتام پر سیاسی، پارلیمانی اور ادارہ جاتی روابط مزید فروغ دینے اور پاکستان چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔ سیمینار میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کے وفد، چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ، پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک 2.0 پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع فراہم کر رہا ہے، جس میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صاف توانائی، معدنیات و کان کنی اور انسانی وسائل کی ترقی شامل ہے، باہمی تعاون میں اضافے سے پاکستان کی معاشی اور صنعتی ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔ بعدازاں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبۂ تنظیم کے انسٹی ٹیوٹ آف پارٹی بلڈنگ ریسرچ کے فرسٹ لیول انسپکٹر مسٹر لیو داشیو نے وفد کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، سیاسی و پارلیمانی روابط اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی جماعتوں اور پارلیمان کے روابط دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر مملکت کا خصوصی پیغام

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سیمینار میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا، جس میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور یہ دوستی دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مفادات کیلئے مسلسل اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ترقی، طرز حکمرانی اور ریاستی نظم و نسق میں تجربات سے استفادے کا یہ اہم موقع ہے، چینی عوام کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ سیاسی جماعتیں مؤثر طرز حکمرانی اختیار کرنے اور عوام کی بہتر خدمت کیلئے چین کے تجربات سے رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات باہمی تعاون، اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و پارلیمانی روابط کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔