نوتعینات ایس ایچ او تھانہ غازی اسرار حسین شاہ نے غازی میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ تعارفی ملاقات کی

تربیلا غازی (نامہ نگار) نوتعینات ایس ایچ او تھانہ غازی اسرار حسین شاہ نے غازی میڈیا کے نمائندگان کے ساتھ تعارفی ملاقات کی، جس میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کے سدباب، منشیات کے خاتمے اور عوام کو درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ایس ایچ او اسرار حسین شاہ نے کہا کہ تھانہ غازی کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، سود خوروں اور قبضہ گروپوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے،انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس اور میڈیا کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون انتہائی اہم ہے،میڈیا نمائندگان علاقے میں جرائم یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع پولیس تک پہنچائیں، پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اہم نوعیت کے معاملات اور عوامی مفاد سے متعلق معلومات میڈیا کے ساتھ بروقت شیئر کی جائیں گی،ایس ایچ او اسرار حسین شاہ نے میڈیا نمائندگان کو اپنے ساتھ براہِ راست رابطے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات اور مسائل کے ازالے کیلئے پولیس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھانہ غازی کو عوام دوست پولیسنگ اور قانون کی یکساں عملداری کا عملی نمونہ بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے،میڈیا نمائندگان نے ایس ایچ او اسرار حسین شاہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے جرائم کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔