راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی،جس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔دونوں افسران نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا،جبکہ پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔تقریب میں ملکی ترقی،خوشحالی،سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔طلبہ و طالبات نے ملی نغمے پیش کرکے وطن سے محبت اور حب الوطنی کے جذبات کا اظہار کیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز،مختلف انتظامی اداروں کے افسران،اقلیتی برادری کے نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی حقیقی خدمت کا تقاضا ہے کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ہم سب پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں،اور ہمیں خلوص،جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ عوام کی خدمت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر فرد کو اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے متحد ہوکر ملک کی ترقی،استحکام اور خوشحالی کے لیے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اپنے خطاب میں تمام پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور اس کا دفاعی نظام ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا موقع بھی ہے۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ملکی ترقی، استحکام، خوشحالی اور عوام کی بہتری کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔





