پاکستان آلٹرنیٹو انرجی ایسوسی ایشن نے سولر انڈسٹری کی تمام تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا

“ایک چھت،ایک ویژن” کے تحت مسائل اور ترقی کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (سٹی رپورٹر)
پاکستان آلٹرنیٹو انرجی ایسوسی ایشن (PAEA) کی جانب سے ملک بھر کی سولر انڈسٹری سے متعلق تمام نمایاں ایسوسی ایشنز اور اسٹیک ہولڈرز کو “ایک چھت،ایک ویژن” کے تحت ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس میں نائب صدر آئی سی سی آئی محمد عرفان سمیت سولر انڈسٹری کی تقریباً تمام بڑی تنظیموں بشمول REAP، PSA، SETUP کے نمائندگان کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے نمایاں تاجر، درآمد کنندگان (امپورٹرز)، EPC کمپنیوں کے نمائندگان، ریٹیلرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔اس اقدام کا مقصد سولر انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل، قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور حکومتی اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا تھا۔ چیئرمین پاکستان آلٹرنیٹو انرجی ایسوسی ایشن آصف جاوید نے اس موقع پر کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز کے مابین تعاون،معلومات کے تبادلے اور مشترکہ لائحہ عمل سے نہ صرف سولر انڈسٹری کو استحکام ملے گا بلکہ سرمایہ کاری، مقامی مینوفیکچرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی راہ بھی ہموار ہوگی۔پاکستان میں صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی مفاد میں متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔