چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے وفد سے ملاقات، سی پیک کو دونوں ممالک کی تاریخی شراکت داری کی روشن مثال قرار دیا
اسلام آباد (اظہار خان نیازی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ سے تبانی گروپ اور چین کے معروف سرکاری انفراسٹرکچر و سرمایہ کاری ادارے Shandong Hi-Speed Group کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ادارے کے چیئرمین شو ژیانگ نے کی جبکہ کنٹری ڈائریکٹر وانگ ژین رونگ اور تبانی گروپ کے چیئرمین حمزہ تبانی بھی وفد میں شامل تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، توانائی، لاجسٹکس، صنعتی ترقی اور دیگر تزویراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور غیر متزلزل تعاون پر مبنی ایک لازوال اور آزمودہ رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستانی عوام اس مخلصانہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سرمایہ کاری سے ملک میں خوشحالی، روزگار کے نئے مواقع اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ مل رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری کا تاریخی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے علاقائی روابط، اقتصادی انضمام اور طویل المدتی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون آئندہ برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور چینی اداروں کی جانب سے پاکستان کی ترقی میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل سرمایہ کاری کے فروغ، اقتصادی استحکام اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم قومی اقدام ہے، جبکہ سینیٹ ایسی قانون سازی اور پالیسیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی جو سرمایہ کار دوست ماحول، پائیدار اقتصادی ترقی اور قومی خوشحالی کو یقینی بنائیں۔
وفد نے چیئرمین سینیٹ کو شیڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کی عالمی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر، تیز رفتار ریل، ایکسپریس ویز، توانائی، لاجسٹکس اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتا ہے۔ وفد نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں طویل المدتی شراکت داری کے ذریعے فعال کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔





