اٹک (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک انیل سعید نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع اٹک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے اور ضلع بھر میں کسی بھی مقام پر پٹرول کی عدم دستیابی یا ذخیرہ اندوزی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اٹک شہر کے مختلف پٹرول پمپس کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے مختلف پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، سپلائی کی صورتحال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور دستیابی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص یا پٹرول پمپ مالک کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری یا مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپس کی باقاعدگی سے نگرانی جاری رکھی جائے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی غیر ضروری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی ضروریات کی اشیاء کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔





