نجی شعبہ قومی ایئرلائن کو عالمی معیار کی کمپنی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، عاطف اکرام شیخ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی شفاف نجکاری اور نجی شعبے کو منتقلی کو ملکی معاشی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبہ حکومت کے معاشی استحکام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
اپنے بیان میں عاطف اکرام شیخ نے پی آئی اے کے نئے مالکان اور عارف حبیب کنسورشیم کے ذیلی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ نئی سرمایہ کاری کے ذریعے ایئرلائن میں آپریشنل اصلاحات، فضائی بیڑے کو جدید بنانے اور نئے روٹس کے آغاز پر خصوصی توجہ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی کامیاب نجکاری حکومت کے اصلاحاتی پروگرام کو مزید تقویت دے گی، جبکہ نجی شعبے کی شمولیت سے قومی وسائل پر مالی بوجھ کم ہونے کے ساتھ ادارے کی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
عاطف اکرام شیخ نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی انتظامیہ پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے قومی ایئرلائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، مؤثر اور عالمی معیار کی ایئرلائن بنانے میں کامیاب ہوگی۔





