راولپنڈی میں خانقاہ حسینیہ شریف کے سجادہ نشین پیر ثناء اللہ حسینی نے جمعہ المبارک کے اجتماع سے عظیم الشان خطاب

راولپنڈی (نیوز رپورٹر)
راولپنڈی میں خانقاہ حسینیہ شریف کے سجادہ نشین پیر ثناء اللہ حسینی نے جمعہ المبارک کے اجتماع سے عظیم الشان خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم، خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مبارک زندگی ہمارے لیے اسوۂ حسنہ اور روشن مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنی پوری حیاتِ طیبہ میں دنیا کو امن، اخوت اور محبت کا درس دیا۔ آپ ﷺ کے اخلاقِ عالیہ کا عالم یہ تھا کہ آپ اپنے شدید ترین مخالفین اور دشمنوں کے ساتھ بھی ہمیشہ عزت، احترام اور حسنِ سلوک سے پیش آتے تھے۔سجادہ نشین پیر ثناء اللہ حسینی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ آج معاشرے میں پھیلی بے راہ روی اور تلخیوں کا خاتمہ صرف اور صرف سیرتِ طیبہ پر سچے دل سے عمل پیرا ہو کر ہی ممکن ہے۔ اگر ہم اپنی زندگیوں میں نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے محبت اور درگزر کے اصولوں کو اپنا لیں تو معاشرہ امن و آشتی کا گہوارہ بن سکتا ہے۔اجتماع کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، اتحاد اور بالخصوص امتِ مسلمہ کی خیر و فلاح کے لیے خصوصاً رقت انگیز دعا کی گئی۔