مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کا آزاد کشمیر انتخابات میں احمد رضا قادری اور دیگر اُمیدواروں کی بھرپور مہم چلانے کا عزم ملک طارق بشیر
راولپنڈی ( نیوز رپورٹر):
پاکستان مسلم لیگ (ن)سینیٹر ناصر بٹ کی ہدایت پر لیبر ونگ ضلع راولپنڈی کے پریزیڈنٹ ملک طارق بشیر کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر کے آنے والے انتخابات کے حوالے سے لیبر ونگ کے عہدیداران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کوارڈینیٹر پی پی 17 خالد سعد بٹ نے کی۔اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ ضلع راولپنڈی کے پریزیڈنٹ ملک طارق بشیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں لیبر ونگ اپنا تاریخی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ گراس روٹ لیول پر گھر گھر جا کر الیکشن مہم کو منظم کریں اور تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کوارڈینیٹر پی پی 17 خالد سعد بٹ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام عہدیداران مل کر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار احمد رضا قادری کی کامیابی کے لیے ایک بھرپور اور مؤثر الیکشن کمپین چلائیں گے تاکہ پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر سکے۔اجلاس کے دوران آزاد کشمیر الیکشن کے حوالے سے تنظیمی امور اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں میڈیا کوآرڈینیٹر ضلع مری قیصر امتیاز ستی، کوآرڈینیٹر ایجوکیشن چوہدری عبدالرشید، لیگل کوآرڈینیٹر مبشر ظہور عباسی، سینئر نائب صدر پی پی 17 حماد عباسی، صدر راول ٹاؤن میاں احمدشانی، سینئر نائب صدر راول ٹاؤن ملک انور بیگ، یو سی 23 کے کونسلر چوہدری اسرار، کونسلر ملک نعمان اور دیگر عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور امیدوار احمد رضا قادری کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروانے کے عزم کا اعادہ کیا۔





