

کھلی کچہری کے سلسلے کو قابلِ تحسین اقدام قرار، کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق
ریاض(بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد کی قیادت میں پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سفارتخانۂ پاکستان ریاض میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق سے ملاقات کی، جس میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، سفارتی خدمات کی بہتری اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، صدر ایسٹ ریجن ریاض چوہدری جمیل ربانی، صدر یوتھ ونگ سعودی عرب ملک جی ایم اعوان، جنرل سیکرٹری ریاض ریجن مرزا منیر بیگ، چیف کوآرڈینیٹر چوہدری سجاد اور صدر ہزارہ ڈویژن عبداللطیف بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے پاکستانی شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے سفارتخانۂ پاکستان کی جانب سے منعقد کی جانے والی کھلی کچہریوں کے سلسلے کو ایک مثبت، مؤثر اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے سفیرِ پاکستان احمد فاروق کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر کمیونٹی کی فلاح و بہبود، پاکستانیوں کو مزید بہتر اور بروقت سفارتی سہولیات کی فراہمی، باہمی روابط کے استحکام اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سفارتخانۂ پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔





