پولیس کا بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔سکیورٹی چارجز کے نام پر بھتہ وصول کرنے والے دو ملزمان گرفتار

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) پولیس کا بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔سکیورٹی چارجز کے نام پر بھتہ وصول کرنے والے دو ملزمان گرفتار۔ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف کی زیرِ نگرانی تھانہ کورال پولیس ٹیم نے غوری ٹاؤن میں بھتہ خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں اور پلاٹ مالکان سے سکیورٹی چارجز کے نام پر بھتہ وصول کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر اور بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس سلسلہ میں شہریوں کی جانب سے بھتہ وصولی اور ہراساں کیے جانے کی شکایات موصول ہونے پر ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو بھتہ وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان مبینہ طور پر غوری ٹاؤن میں شہریوں اور پلاٹ مالکان کو سکیورٹی چارجز کے نام پر ہراساں کرکے ان سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کر رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ کورال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔