راولپنڈی(سٹی رپورٹر)
بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے معاملے پر ایپسما کی بڑی کامیابی
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (APPSMA) کے وفد کی وزیر مواصلات و تعمیرات پنجاب سے اہم ملاقات
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کاشف ادیب جاودانی، صدر لاہور و قصور چوہدری عباس اور مرکزی جوائنٹ سیکریٹری محمد حسنین نے وزیر مواصلات و تعمیرات پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ اور سیکریٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات راجہ جہانگیر انور سے اہم ملاقات کی۔ملاقات کے دوران نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مختلف انتظامی مسائل، بالخصوص بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجراء سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام نے اصولی مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا مجاز ادارہ نہیں، لہٰذا محکمہ اس نوعیت کے سرٹیفکیٹس جاری نہیں کرتا۔ایپسما کی جانب سے اس وضاحت کو نجی تعلیمی اداروں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا، کیونکہ اس سے عرصۂ دراز سے جاری ابہام کے خاتمے میں مدد ملے گی اور سکول مالکان کو غیر ضروری انتظامی مشکلات سے نجات حاصل ہوگی۔صدر ایپسما شمالی پنجاب ابرار احمد خان نے اس اہم کامیابی پر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کاشف ادیب جاودانی، صدر لاہور و قصور چوہدری محمد عباس، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری محمد حسنین اور ایپسما کی پوری مرکزی و صوبائی قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی انتھک محنت، مخلصانہ جدوجہد، مؤثر نمائندگی اور مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں پنجاب بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو ایک بڑا ریلیف حاصل ہوا ہے۔ ابرار احمد خان نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف نجی تعلیمی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ پنجاب بھر کے ہزاروں نجی تعلیمی اداروں کے لیے اعتماد، حوصلے اور امید کی نئی کرن بھی ثابت ہوگی۔ ایپسما نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نجی تعلیمی اداروں کے جائز حقوق کے تحفظ اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد مستقبل میں بھی اسی جذبے اور قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





