اسلام آباد(نیوز رپورٹر)
نجی تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر ابرار حسین ملک
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر کا سکردو کا دورہ، خبیب کالج کے ڈائریکٹر حافظ رحمت اللہ اور ماہر تعلیم پروفیسر احسان اللہ سے ملاقاتیں
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے سکردو کے دورے کے دوران ممتاز ماہرینِ تعلیم، تعلیمی منتظمین اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں نجی شعبہ تعلیم کے کردار، معیاری تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، نصابی بہتری اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران انہوں نے خبیب کالج سکردو کے ڈائریکٹر حافظ رحمت اللہ سے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، جدید تعلیمی تقاضوں اور طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی پر گفتگو ہوئی۔بعدازاں ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر احسان اللہ سے ملاقات میں گلگت بلتستان کے تعلیمی نظام، اساتذہ کی استعداد کار، نصابی اصلاحات اور نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر ابرار حسین ملک نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے ملک بھر میں لاکھوں طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے اس شعبے کی حوصلہ افزائی اور مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نجی تعلیمی اداروں کو مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنے، اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے، تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





