غیر قانونی منی ٹرانسفر سروسز میں ملوث اشتہاری ملزم راولپنڈی سے گرفتار، 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی کارروائی، ملزم پر غیر قانونی منی ویلیو ٹرانسفر کے ذریعے 56 لاکھ روپے کا فراڈ کرنے کا الزام، مزید تفتیش جاری

اسلام آباد(رپورٹ:اظہار خان نیازی) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون کے کمرشل بینکنگ سرکل نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی منی ویلیو ٹرانسفر سروسز میں ملوث اشتہاری ملزم حمزہ فیصل ولد فیصل مشتاق کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد میں درج ایف آئی آر نمبر 42/2025 میں نامزد اشتہاری تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے غیر قانونی منی ویلیو ٹرانسفر سروسز کے ذریعے شکایت کنندہ کو 56 لاکھ روپے کا مالی نقصان پہنچایا۔
گرفتاری کے بعد ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس نیٹ ورک سے متعلق دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔