ایچ نائن بازار میں بار بار آتشزدگی، ڈی ایم اے ایم سی آئی کی کارکردگی اور فائر سیفٹی اقدامات پر سوالات

اسلام آباد (یاسر نوید ) میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (DMA) کی کارکردگی ایک بار پھر سوالات کی زد میں آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایچ نائن بازار میں ہر سال آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے ہیں، تاہم مستقل بنیادوں پر مؤثر حفاظتی اقدامات نہ کیے جانے کے باعث تاجروں اور شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی اور متعلقہ امور کے لیے مختلف منصوبے اور انتظامات ریکارڈ کا حصہ تو بنتے رہے ہیں، لیکن عملی طور پر ان کے اثرات واضح طور پر نظر نہیں آ رہے۔ سرکاری خزانے سے ہر سال بجٹ مختص ہونے کے باوجود بازار میں فائر سیفٹی کے انتظامات، ایمرجنسی رسپانس اور حفاظتی انفراسٹرکچر کے حوالے سے متعدد سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

تاجروں کا مؤقف ہے کہ ایچ نائن بازار کے بعض امور غیر تربیت یافتہ ٹھیکیداروں کے سپرد کیے جاتے ہیں، جس کے باعث حفاظتی معیار متاثر ہوتے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ آتشزدگی کے مسلسل واقعات کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی متعلقہ ادارے سے اس حوالے سے مؤقف لینے کی متعدد بار کوشش کی گئی، تاہم ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام کی جانب سے کوئی واضح جواب سامنے نہیں آیا اور معاملہ مسلسل التوا کا شکار رہا۔

شہری حلقوں اور تاجروں نے وفاقی حکومت اور متعلقہ نگرانی کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایچ نائن بازار میں فائر سیفٹی کے لیے مختص فنڈز، کیے گئے اقدامات اور بار بار پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں تاکہ مستقبل میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔