تربیلا غازی (نامہ نگار)
تحصیل غازی کو پنجاب میں شامل کرنے کی افواہیں بے بنیاد، آئینی و قانونی طریقہ کار ضروری ہے،فیصل زمان
،،جہازوں والے گروپ کے سابق رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان نے کہا ہے کہ تحصیل غازی اس وقت ضلع ہری پور، خیبر پختونخوا کا باقاعدہ حصہ ہے، کسی تحصیل یا علاقے کو محض ایک عام سرکاری نوٹیفکیشن کے ذریعے دوسرے صوبے، بالخصوص پنجاب، میں شامل نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ صوبائی حدود میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ایک اہم آئینی و قانونی معاملہ ہے،جس کے لیے آئین میں متعین طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہوتا ہے۔ فیصل زمان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سابق قبائلی علاقہ جات (فاٹا) کا خیبر پختونخوا میں انضمام بھی عام انتظامی نوٹیفکیشن کے ذریعے نہیں بلکہ آئینی ترمیم کے ذریعے پارلیمان سے منظور کیا گیا تھا،سابق ایم پی اے نے کہا کہ تحصیل غازی کے حوالے سے سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع پر گردش کرنے والی اطلاعات کو حقائق کے منافی دعووں کے طور پر پیش کرنے کے بجائے عوام کو درست اور مستند معلومات فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی علاقے کی صوبائی حیثیت تبدیل کرنا معمول کا انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ آئینی تقاضوں سے جڑا ہوا معاملہ ہے، اس لیے اس حوالے سے قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کیا جائے۔





