بیرونِ ملک پاکستانیوں کے معاملات سے آگاہی سے حکومت کو پالیسی سازی میں بہتر رہنمائی حاصل ہوگی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)تنظیم مغلیہ مرکز پاکستان کے چیئرمین سرفراز مغل نے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس کے والد محترم اور معروف کاروباری شخصیت سردار الیاس خان کو قومی سطح پر اعزاز سے نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار الیاس خان کی خدمات کا حکومتی سطح پر اعتراف پوری کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔
سرفراز مغل نے کہا کہ سردار الیاس خان کو اوورسیز پاکستانیوں کے ٹیکس معاملات کے حوالے سے مشیر مقرر کرنا نیک شگون اور خوش آئند فیصلہ ہے۔ ان کی وسیع تجربے، صلاحیتوں اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کے معاملات سے آگاہی سے حکومت کو پالیسی سازی میں بہتر رہنمائی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت کا اہم اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل کے حل، ٹیکس معاملات میں آسانی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
سردار الیاس خان نے پاکستان کے مثبت امیج کی تعمیر،فروغ اور ملکی ریونیو میں اضافے، بیرونِ ملک پاکستانیوں کو پاکستان سے جوڑنے اور ان کی صلاحیتوں سے قومی مفاد میں استفادہ کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔
سرفراز مغل نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ، انہیں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور وطنِ عزیز کے ساتھ ان کے تعلق کو مزید مضبوط بنانا قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے تنظیم مغلیہ مرکز پاکستان کے پلیٹ فارم سے سردار الیاس خان، ان کے صاحبزادے سردار یاسرالیاس اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز سردار الیاس خان کی خدمات کا اعتراف اور پاکستان سے محبت و وابستگی رکھنے والے تمام پاکستانیوں کے لیے باعثِ مسرت ہے۔





