سہام نالے میں ڈوبنے والے 12 سالہ ابوبکر کی تلاش عارضی طور پر معطل، لواحقین کا شدید احتجاج، پشاور روڈ بند کرنے کی دھمکی

راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)سہام نالے میں ڈوبنے والے 12 سالہ ابوبکر کی تلاش کے لیے جاری ریسکیو آپریشن اندھیرا چھا جانے کے باعث عارضی طور پر روک دیا گیا۔ ریسکیو 1122 حکام کے مطابق آپریشن ہفتہ کی صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا تاکہ بچے کی تلاش کا عمل مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔دوسری جانب بچے کے لواحقین نے آپریشن روکنے کے فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ریسکیو ٹیم نے پوری سنجیدگی اور مکمل وسائل کے ساتھ کارروائی نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ بچے کی تلاش میں غفلت برتی گئی جبکہ اہلِ علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت مسلسل نالے میں بچے کی تلاش میں مصروف ہیں۔لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی تلاش اس وقت تک جاری رکھی جائے جب تک اسے ڈھونڈ نہ لیا جائے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آپریشن روکنا کسی صورت مناسب فیصلہ نہیں۔احتجاج کرنے والے اہلِ خانہ نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر بھرپور ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع نہ کیا گیا تو وہ پشاور روڈ بند کرکے شدید احتجاج کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔