اس کیریئر فئیر میں باصلاحیت طلبہ و طالبات کو انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع بھی ملے، صنعت اور جامعہ کے روابط مزید مستحکم ہوئے
پشاور(بیورو رپورٹ)
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور کے یو ایس۔پاکستان سنٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز اِن انرجی (یو ایس پی سی اے ایس۔ای) میں دوسری انرجی اوپن ہاؤس و نمائش 2026 کا کامیاب انعقاد ہوا جس میں تعلیمی اداروں، صنعتی شعبے اور سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد شرکاء آئے اور طلبہ و طالبات کے تخلیقی پراجیکٹس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریب میں انرجی انجینئرنگ کے طلبہ کے فائنل ایئر انرجی پراجیکٹس کی نمائش کی گئی جبکہ جامعہ، صنعت اور حکومتی اداروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی فراہم ہوا۔ اس موقع پر منعقدہ کیریئر فئیر نے فارغ التحصیل طلبہ کیلئے روزگار اور پیشہ ورانہ روابط کے نئے مواقع پیدا کئے۔
تقریب کے مہمانانِ گرامی میں وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک، فیکلٹی آف مکینیکل، کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر امجد خٹک، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر فضل مقیم، ون لائف بیوریجز کے چیف ایگزیکٹیو نجی اللہ خٹک اور برگ کنسلٹنٹس کے چیف ایگزیکٹیو انجینئر سلیم برگ شامل تھے۔
کیریئر میلے میں سات معروف اداروں نے شرکت کی جن میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام، پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی، ون لائف بیوریجز، برگ انرجی کنسلٹنٹس، ایجز کنسلٹنٹس اور نیا ٹیل کمیونیکیشن نیٹ ورک شامل تھے۔ مختلف اداروں کے نمائندوں نے طلبہ و طالبات کے موقع پر روزگار کیلئے انٹرویوز کئے اور انہیں انٹرن شپ اور عملی تربیت کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔
یو ایس پی سی اے ایس۔ای کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرید خان نے اپنے افتتاحی خطاب میں بتایا کہ یہ مرکز خیبرپختونخوا میں توانائی کے شعبے سے متعلق ایک اہم فکری اور تحقیقی ادارے کی حیثیت رکھتا ہے اور یونیورسٹی، نجی و سرکاری اداروں، شعبہ صنعت اور حکومت کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے یہ جدید اور عملی منصوبے توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے طلبہ کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے انہیں جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ تحقیق، جدت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے کرنے کی تلقین کی۔ فضل مقیم نے بھی جامعہ اور صنعت کے درمیان فاصلے کم کرنے کیلئے مرکز کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے دوران ڈائریکٹر یو ایس پی سی اے ایس۔ای پروفیسر ڈاکٹر فرید خان کی سربراہی میں ایک غیر رسمی مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں صنعتی اداروں کے نمائندوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو اپنی ضروریات، تجربات اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے تحقیق، اختراع، انٹرن شپ پروگراموں اور علمی تعاون کے فروغ کیلئے مستقبل میں مزید اشتراک پر اتفاق کیا۔
طلبہ و طالبات کے منصوبوں کا جائزہ ممتاز ماہرین پر مشتمل جیوری نے لیا جس میں پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر رینیوایبلز انجینئر عمر پرویز، سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے انجینئر بہلول احمد اور یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حیدر علی شامل تھے۔ مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بہترین منصوبوں کے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر تقریب کے انچارج ڈاکٹر خورشید احمد اور سیکرٹری انجینئر سعد ریحان کو بھی اتنی کامیاب کاوش پر داد دی گئی۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ، اساتذہ، نگرانوں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ یو ایس پی سی اے ایس۔ای مستقبل میں بھی توانائی کے شعبے کیلئے باصلاحیت اور پیشہ ور افرادی قوت کی تیاری اور صنعت و جامعہ کے مابین مؤثر روابط کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔





