دس محرم کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر کا جلوس روٹ اور جامعہ تعلیم القرآن کا دورہ

راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے دس محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ اور جامعہ دارالعلوم تعلیم القرآن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی راول، ڈی ایس پی سٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، پولیس نفری کی تعیناتی اور دیگر حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں سی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے جامعہ دارالعلوم تعلیم القرآن میں مہتمم مولانا عطاء الحق اور مفتی انعام اللہ سے ملاقات کی، جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، بین المسالک ہم آہنگی اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور اکابرین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔سی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے جامعہ دارالعلوم تعلیم القرآن کے سابق مہتمم مولانا اشرف علی مرحوم کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں اور راولپنڈی پولیس بہترین حکمت عملی اور مؤثر سکیورٹی اقدامات کے ذریعے امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنا رہی ہے۔