
اسلام آباد (آصف ملک) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 کارروائیوں کے دوران 2 خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں میں ایک کروڑ 27 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 84.975 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق کراچی کے کورئیر آفس میں نیوزی لینڈ جانے والے پارسل کی تلاشی کے دوران کپڑوں میں جذب کی گئی 2.900 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مرد اور خاتون مسافر کے پیٹ سے کوکین بھرے 10 کیپسول برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 200 گرام تھا۔
سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 60 کلوگرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف نے جی ٹی روڈ پشاور پر انسٹی ٹیوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کو بھی گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ہی ایک اور کارروائی کے دوران گاڑی سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، کے قبضے سے 120 آئس بھرے کیپسول برآمد ہوئے جن کا مجموعی وزن ایک کلو 140 گرام جبکہ 127 ہیروئن بھرے کیپسول کا وزن 635 گرام تھا۔
اسپینی روڈ کوئٹہ کے ایک کورئیر آفس میں پارسل کی تلاشی کے دوران پلاسٹک کار میں چھپائی گئی 900 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔





