داؤدخیل(ضیاءنیازی سے) میانوالی میں 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقادضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام تقریب میں ڈی سی میانوالی اور ایس پی انویسٹی گیشن سمیت شہریوں، طلباء اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت 79ویں جشنِ آزادی کے پرمسرت موقع پر ضلعی انتظامیہ میانوالی کے زیرِ اہتمام میونسپل کمیٹی ہال میانوالی میں ایک پروقار اور ملی جذبے سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر میانوالی شاہد عباس کاٹھیا اور ایس پی انویسٹی گیشن میانوالی مہر محمد ریاض ناز تھے، جبکہ انجمن تاجران، میڈیا نمائندگان، مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میانوالی اور ایس پی انویسٹی گیشن میانوالی نے یومِ آزادی کی اہمیت، قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر فرد کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے کردار ادا کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔تقریب کے دوران مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغموں، ٹیبلو اور دیگر خوبصورت پرفارمنسز کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا، جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا۔مہمانانِ خصوصی ڈی سی میانوالی شاہد عباس کاٹھیا اور ایس پی انویسٹی گیشن مہر محمد ریاض ناز نے بچوں کی حوصلہ افزائی کی، ان سے محبت و شفقت کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔تقریب کے اختتام پر وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ مہمانانِ خصوصی اور دیگر شرکاء نے مل کر یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور پاکستان سے اپنی محبت و وابستگی کا اظہار کیا۔





