اسلام آباد میں 12 سال بعد یومِ آزادی کے موقع پر شاندار سٹی پریڈ
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی شرکت، شہریوں اور فیملیز کی بھرپور شرکت، قومی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے
اسلام آباد(اظہار خان نیازی) یومِ آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد کے اولڈ پریڈ گراؤنڈ، ڈی چوک میں 12 سال بعد شاندار سٹی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت شہریوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سٹی پریڈ میں قومی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے جبکہ مختلف فنکاروں اور ثقافتی گروپس نے شاندار پرفارمنس پیش کر کے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اسلام آباد سٹی پریڈ میں پولیس سکواڈ، جھنگ ڈانس گروپ، ڈھول پرفارمرز، پائپ اور پرکشن بینڈز نے شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ اونٹوں کے بینڈ نے بھی منفرد انداز میں اپنی پرفارمنس پیش کی۔ معروف فنکار نمرا مہرا، ساحر علی بگا اور خماریاں بینڈ نے براہِ راست موسیقی کی پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
بچوں کی تفریح کے لیے مختلف میسکوٹس اور رفیع پیر میسکوٹس بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہے، جبکہ ونٹیج کارز اور ونٹیج بائیکس کے شاندار فلیٹ نے سٹی پریڈ کی رونقوں میں مزید اضافہ کیا۔ شہریوں اور خاندانوں نے مختلف پروگرامز میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
سٹی پریڈ کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے وفاقی دارالحکومت کی فضا جگمگا اٹھی اور شہریوں نے یومِ آزادی کی خوشیاں بھرپور جوش و خروش سے منائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد سٹی پریڈ کا مقصد شہریوں کو یومِ آزادی کی خوشیوں میں شریک کرنا اور قومی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔ زندہ قومیں یومِ آزادی قومی یکجہتی اور جوش و خروش سے مناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔





