کہوٹہ (راجہ عثمان علی)کوہسار ویلفیئر کمیٹی پنجاڑ کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی، مذہبی و تعلیمی شخصیات، اساتذہ، طلبہ و طالبات، والدین اور اہلِ علاقہ نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر راجہ نعیم اکبر ستی نے قومی پرچم لہرایا اور جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر تحصیل بھر کے مختلف سکولوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور نمایاں تعلیمی خدمات انجام دینے والے اساتذہ میں خصوصی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔مقررین نے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جبکہ اساتذہ کا کردار نئی نسل کی کامیابی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔چیئرمین کوہسار ویلفیئر کمیٹی پنجاڑ مطلوب عباسی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی علاقے میں تعلیم کے فروغ، فلاح و بہبود اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے اہلِ علاقہ پر زور دیا کہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہوں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ کمیٹی کی جانب سے مستحق افراد میں راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ شرکاء نے تقریب اور فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اسے علاقے میں تعلیم اور اجتماعی خدمت کے فروغ کے لیے مثبت اقدام قرار دیا۔





