سماہنی(بیورو رپورٹ) جموں و کشمیر کے علاقے سماہنی میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ پونا تندڑ کے مقام پر سابق مشیر حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میجر (ر) خضرالرحمان راجہ کی جانب سے پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی، استحکام و خوشحالی سمیت شہدائے تحریکِ پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عوام علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے اور وطن سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
میجر (ر) خضرالرحمان راجہ نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، اس کی حفاظت، سلامتی، استحکام اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہدائے وطن اور تحریکِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کے روشن مستقبل کی ضامن ہے، اسے ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے۔ میجر (ر) خضرالرحمان راجہ نے کہا کہ وہ مضبوط اپوزیشن کے ساتھ عوام کی نمائندگی کرتے رہیں گے اور حلقہ سماہنی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
بعد ازاں میجر (ر) خضرالرحمان راجہ نے تندڑ میں پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ سماہنی کے مرکزی دفتر کا دعا کے ساتھ افتتاح کیا۔ انہوں نے خواتین کی جانب سے منعقدہ جشنِ آزادی کی تقریب میں بھی شرکت کی اور شرکاء سے ملاقاتیں کیں۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔





