یومِ آزادی پاکستان ہماری قومی یکجہتی اور تجدیدِ عہد کا دن ہے، اورنگزیب تنولی

راولپنڈی(نیوز رپورٹر)
آل پاکستان ریلویز پنشنرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل اورنگزیب تنولی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں اور شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے, جن کی جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ ہمیں آزادی کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے یوم آزادی پر اپنے اہم بیان میں کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اتحاد، قومی یکجہتی، نظم و ضبط، دیانت داری اور قانون کی پاسداری میں ہے۔ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی اور اپنی نئی نسل کو وطن سے محبت، ذمہ داری اور قومی خدمت کا شعور دینا ہوگا۔اورنگزیب تنولی نے کہا کہ ریلوے پنشنرز اور سابق ملازمین نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ قومی ادارے کی خدمت میں گزارا ہے اور آج بھی ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنی دعاؤں اور مثبت کردار کے ذریعے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور تمام اداروں پر زور دیا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون، میرٹ اور انصاف کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے اہلِ وطن کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم متحد ہو کر پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور باوقار ملک بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔
پاکستان زندہ باد!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔