راولپنڈی کینٹ بورڈ کا 14 اگست کے موقع پر فری پلانٹ کیمپ کا انعقاد

راولپنڈی (پیورو رپورٹ) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے رومی پارک میں کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کے لیے خصوصی فری پلانٹ ڈسٹری بیوشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شہریوں میں شجرکاری اور ماحول کو سرسبز و صاف رکھنے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔

کیمپ کے دوران کنٹونمنٹ کے رہائشیوں میں 7 ہزار سے زائد پودے مفت تقسیم کیے گئے۔

تقسیم کیے جانے والے پودوں میں مختلف اقسام کے پھل دار، پھول دار اور سایہ دار درختوں کے پودے شامل تھے، تاکہ شہری اپنے گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں شجرکاری کو فروغ دے سکیں۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے یہ خصوصی کیمپ 14 اگست کی مناسبت سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان کو سرسبز، صاف اور خوبصورت بنانے کے عزم کو اجاگر کرنا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ترغیب دینا ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کے مطابق شجرکاری نہ صرف ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف، صحت مند اور سرسبز ماحول کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس حوالے سے شہریوں کی شرکت اور تعاون کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔