لندن(وسیم علی) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر لندن میں پاکستان اچیومنٹ ایوارڈز انٹرنیشنل یورپ کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین اور شمع گروپ انٹرنیشنل کے سی ای او سردار ظہور اقبال کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سردار ظہور اقبال کو یہ اعزاز پاکستان کے لیے زرمبادلہ میں اضافے، پاکستانی مصنوعات کو یورپی مارکیٹ میں مؤثر انداز میں متعارف کروانے اور ملکی مصنوعات کی برآمدات کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔ ان کی کاروباری خدمات اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ تک پہنچانے کی کاوشوں کو تقریب میں خصوصی طور پر سراہا گیا۔
14 اگست کے موقع پر منعقدہ اس پروقار تقریب میں یومِ آزادی پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
تقریب میں ریٹائرڈ جنرل غیور محمود سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ جبکہ سردار ظہور اقبال کی خصوصی دعوت پر سری لنکا سے میجر جنرل دِلانتا فرنینڈو بھی لندن پہنچے اور تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ میجر جنرل دِلانتا فرنینڈو سردار ظہور اقبال کے قریبی دوست بھی ہیں۔
تقریب کے شرکاء نے پاکستانی کاروباری شخصیات کی عالمی سطح پر کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی کاروباری افراد نہ صرف ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچا رہے ہیں بلکہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سردار ظہور اقبال نے ایوارڈ ملنے پر منتظمین اور تقریب میں شریک معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں فروغ دینا اور پاکستان کے لیے زرمبادلہ کمانے میں اپنا کردار ادا کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی کاروباری ترقی اور ملکی مصنوعات کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔





