


شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں نرسری کا کلیدی کردار،
راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کے تحت لیاقت باغ کی نرسری میں پودوں کی افزائش، نگہداشت اور بہتر نشونما کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ادارے کی انتظامیہ نے ماحول دوست پالیسی کے تحت شہری علاقوں میں سبزہ بڑھانے اور خوبصورت ماحول کی فراہمی کے لیے مختلف اقسام کے پودوں کی تیاری اور پرورش کے عمل کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کے احکامات کے مطابق لیاقت باغ نرسری میں موسمی، سجاوٹی، پھلدار اور سایہ دار پودوں کی مختلف اقسام کی افزائش جاری ہے جبکہ جدید زرعی اور باغبانی تکنیکوں کے استعمال سے پودوں کی بہتر نشوونما کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ نرسری میں موجود عملہ روزانہ کی بنیاد پر پودوں کی آبپاشی، کھاد کے متوازن استعمال، بیماریوں سے بچاؤ اور ان کی عمومی دیکھ بھال کے امور سرانجام دے رہا ہے۔
شہری آبادی میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آلودگی اور احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر درختوں اور پودوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ اس ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہارٹیکلچر ایجنسی نہ صرف شہر کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہمات کا انعقاد کر رہی ہے بلکہ شہریوں میں سبز ماحول کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کرنے کے اقدامات بھی کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لیاقت باغ نرسری میں تیار کیے جانے والے پودے مختلف پارکس، گرین بیلٹس، شاہراہوں اور عوامی مقامات کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ شہر کے حسن میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس میں عوامی تعاون بھی انتہائی ضروری ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ شجرکاری مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دیں۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی مستقبل میں بھی شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک صاف، خوبصورت اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے،





