کمیٹی چوک چلڈرن پارک میں خوبصورتی اور ماحول کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کے تفریحی مقامات کی خوبصورتی اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے سلسلے میں ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر کمیٹی چوک چلڈرن پارک میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف پارک کی قدرتی خوبصورتی کو مزید نکھارنا ہے بلکہ شہریوں خصوصاً بچوں اور اہلِ خانہ کو ایک صاف، خوشگوار اور صحت مند تفریحی ماحول مہیا کرنا بھی ہے۔پارک کے مختلف حصوں میں باغبانی اور تزئین و آرائش کے کاموں کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا گیا ہے۔اس ضمن میں موسمی پھولوں اور مختلف اقسام کے خوبصورت پودوں کی شجرکاری کی جا رہی ہے جبکہ سبزہ زاروں کی مناسب دیکھ بھال، گھاس کی کٹائی اور پودوں کی باقاعدہ تراش خراش پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔پارک کے داخلی اور بیرونی حصوں کو خوبصورت بنانے کے لیے رنگ برنگے پھولوں کی کیاریاں تیار کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کو ایک دلکش اور پُرفضا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ پارک میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی اور دیکھ بھال کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات کی خوبصورتی اور بہتری شہری معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہریوں کے لیے تفریحی سہولیات کی فراہمی اور پارکس کو بہترین حالت میں برقرار رکھنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید برآں پارک میں موجود بچوں کے کھیل کے آلات اور دیگر سہولیات کی حالت کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ انہیں محفوظ اور بہتر بنایا جا سکے۔ عوام کی سہولت کے پیشِ نظر پارک کے مختلف حصوں میں صفائی، سبزہ کاری اور تزئین و آرائش کے منصوبوں پر مسلسل کام جاری رکھا جائے گا۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ پارکوں اور عوامی مقامات کی صفائی اور خوبصورتی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، پودوں اور پھولوں کی حفاظت کریں اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اپنائیں۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہریوں کو بہتر، خوبصورت اور سرسبز ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ شہر کے تفریحی مقامات مزید دلکش اور عوام دوست بن سکیں۔