ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا محرم الحرام کے سلسلے میں سیکٹر I-9 اورI-10 میں جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کا محرم الحرام کے سلسلے میں سیکٹر I-9 اورI-10 میں جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سیکٹر I-9 اورI-10 میں جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا،دورے کے دوران انہوں نے سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، چیکنگ پوائنٹس، ٹریفک مینجمنٹ پلان اور جلوسوں کے مقررہ روٹس کا جائزہ لیا، اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی،ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جلوسوں کے شرکاءکو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، سکیورٹی پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام افسران و جوان الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔