اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا اتوار کے روزبھی فیلڈ میں متحرک۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا اورسکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا،انہوں نے سکیورٹی کے فرائض پر موجود پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں موجود گرجا گھروں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں،اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے اتوار کے روز بھی فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے ضلع بھر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا،اس موقع پر موجود پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی، ان کے فرائض کی انجام دہی کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں، انہوں نے گرجا گھروں کے داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ ایریاز اور اردگرد کے علاقوں میں تعینات نفری سمیت مجموعی سکیورٹی پلان کا معائنہ کیا، ایس ایس پی آپریشنز نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسلام آباد پولیس بلا تفریق تمام مذاہب کے ماننے والوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرمِ عمل ہے۔





