بلوچستان میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت، پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، محمد فاروق چوہدری

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)

بلوچستان میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت، پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، محمد فاروق چوہدری

ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر محمد فاروق چوہدری نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے مختلف واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ حملے قومی سلامتی، امن اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں 27 پولیس اہلکاروں، 11 فوجی اہلکاروں اور 4 سویلین کی شہادت پوری قوم کے لیے انتہائی افسوسناک سانحہ ہے، جبکہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی۔

ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری،چیئرمین ممتاز احمد اور سرپرستِ اعلیٰ چوہدری محمد نعیم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے،انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی مدبرانہ اور دلیرانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جا رہا ہے۔محمد فاروق چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے بے مثال جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لازوال قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔ وطنِ عزیز کے دفاع، امن اور استحکام کے لیے پاک افواج کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔رہنماؤں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور یکجہتی ہی دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔