دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم افواجِ پاکستان، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، رکن پنجاب اسمبلی
راولپنڈی(سٹی رپورٹر) رکن پنجاب اسمبلی تحسین فواد نے بلوچستان میں دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ان افسوسناک واقعات پر غمزدہ ہے، جبکہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج اور پولیس کے بہادر جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
اپنے بیان میں تحسین فواد نے کہا کہ وطن کی حفاظت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اور اس کے آلہ کار یہ بات یاد رکھیں کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش پہلے بھی ناکام ہوئی ہے اور آئندہ بھی ناکام ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کا مقدس لہو اس قومی عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ پوری قوم اپنی مسلح افواج، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
تحسین فواد نے بلوچستان کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی رہے گی۔





