ماہی گیروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، ماہی گیروں کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے ، فشر فوک فورم بدین کا احتجاج، فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے مالی معاملات کے آڈٹ کرانے کا مطالبہ .
بدین (نامہ نگار) پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کے عہدیدران اور ماہی گیر کارکنوں نے ماہی گیروں کے حقوق، روزگار اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فشر فوک فورم کے ضلعی صدر نبی بخش ، جنرل سیکرٹری عمر ملاح نے ماہی گیر رہنما رحیم بخش چنڈیانی ، قاسم ٻچو ، مٹھن ملاح ، علی محمد شیخ ، عبدالغفور ملاح ، اور دیگر ماہی گیروں نے چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سندھ حکومت حکومت ، محکمہ فشريز اور متعلقہ اداروں کے علاوہ ارکین اسمبلی سیاسی قیادت سے ماہی گیروں کے مسائل فوری حل کرنے ، ماہی گیروں کے حقوق کے تحفظ، فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے معاملات کی شفاف تحقیقات، مبینہ طور پر تنظیم کو کمزور کرنے کی کوششیں روکنے اور ماہی گیروں کے وسائل ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کے مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر ماہی گیر مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کے رہنماؤں نے کہا کہ ماہی گیروں کے حقوق کے لیے تنظیم کی جدوجہد کا اہم باب 1999ء میں ضلع بدین سے شروع ہوا، جب ماہی گیروں کے روزگار پر قائم ٹھیکیداری نظام کے خلاف تحریک چلائی گئی۔ مرحوم محمد علی شاہ کی قیادت و سرپرستی میں شروع ہونے والی یہ جدوجہد تقریباً چھ سال تک جاری رہی، جس کے نتیجے میں میٹھے پانی کے وسائل پر قائم غیر منصفانہ ٹھیکیداری نظام کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی۔ رہنماؤں نے کہا کہ اس جدوجہد کے نتیجے میں بدین کے متعدد ماہی گیروں کو اپنے روزگار کے لیے پانی کے وسائل تک رسائی حاصل ہوئی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ماہی گیر برادری کی اجتماعی جدوجہد کا نتیجہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فشر فوک فورم آج بھی چیئرمین مہر ان علی شاہ کی قیادت میں ماہی گیروں کے بنیادی، معاشی اور سماجی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ گرفتار یا حراست میں لیے گئے ماہی گیروں کے مسائل، سندھ ڈیلٹا کے تحفظ، پانی کی فراہمی، روزگار اور قدرتی وسائل کے تحفظ سمیت مختلف معاملات پر تنظیم اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ فشر فوک فورم کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ مرحوم محمد علی شاہ کے انتقال کے بعد تنظیم کو کمزور کرنے اور اس کی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی مختلف مبینہ کوششیں کی گئیں، جن میں تنظیم کے منصوبے بند کرانے، کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات قائم کرنے اور ماہی گیروں کے حقوق کے خلاف سابقہ ٹھیکیداری نظام دوبارہ نافذ کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے حوالے سے رہنماؤں نے مصطفیٰ میرانی اور فاطمہ مجید کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے ان سے متعلق عائد الزامات کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے وسائل اور آمدنی بنیادی طور پر ماہی گیروں سے وابستہ ہیں، اس لیے یہ رقم ماہی گیروں کی فلاح، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات پر خرچ ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے تمام مالی معاملات، آمدنی، اخراجات اور ماہی گیروں کے نام پر استعمال ہونے والے فنڈز کا آزادانہ اور مکمل آڈٹ کرایا جائے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت سے بھی اپیل کی کہ بدین کے ماہی گیروں کے مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے اور تنظیم کو کمزور کرنے کی مبینہ کوششوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان فشر فوک فورم کی رجسٹریشن، تنظیمی سرٹیفکیٹ اور دیگر اصل دستاویزات تنظیم کے مرکزی چئیرمین سید مہران علی شاہ کے حوالے کیے جائیں اور تنظیم کی قانونی حیثیت میں کسی بھی قسم کی غیرقانونی مداخلت نہ کی جائے۔
فشر فوک فورم کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ان کی جدوجہد کسی فرد کے خلاف ذاتی دشمنی نہیں بلکہ ماہی گیروں کے حقوق، روزگار، قدرتی وسائل کے تحفظ، شفافیت اور انصاف کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو سندھ کی ماہی گیر برادری کے ساتھ مل کر جمہوری، قانونی اور پرامن احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ اس موقع ماہی گیر رہنما سومار لوہار ، میھار ڈانڈل ، حاجی محمد بخش ملاح ، اللہ بچایو ملاح ، فتح خان ملاح ، فاروق شیخ اور دیگر ماہی گیر بھی بڑی تعداد میں موجود تھے .
فوٹو کیپشن .
بدین . پاکستان فشر فوک فورم ضلع بدین کے عہدیدران اور ماہی گیر اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ اور بدین پریس کلب میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں .





