سوات ایکسپریس وے پر المناک حادثہ، موٹروے پولیس کا سب انسپکٹر شہید، دو اہلکار زخمی

مردان(بیورو رپورٹ) سوات ایکسپریس وے پر کاٹلنگ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر نظام الدین شہید جبکہ سب انسپکٹر اکبر علی اور فائن کلیکشن کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق سب انسپکٹر نظام الدین اور سب انسپکٹر اکبر علی معمول کی سپیڈ انفورسمنٹ ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر انہیں ٹکر مار گئی، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے میں ملوث گاڑی میں سوار ایک بچی جاں بحق جبکہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں سب انسپکٹر اکبر علی اور فائن کلیکشن اہلکار کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ کار ڈرائیور کی مبینہ غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ موٹروے پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حادثے کے بعد موٹروے پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے شہید سب انسپکٹر نظام الدین کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔