اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ملیہ پارک میں شجرکاری مہم کا آغاز

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کے زیر اہتمام ملیہ پارک میں خصوصی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر یونائیٹڈ پینٹکوسٹل چرچ اینڈ گلوبل کمیونٹی ڈیویلپمنٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی کے نمائندگان نے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی۔
پاسٹر پرویز فیلپ، امون پرویز اور دیگر شرکاء نے ملیہ پارک میں پودے لگائے اور شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے، درختوں کی حفاظت اور شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے کہا گیا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کی فراہمی کا بھی مؤثر ذریعہ ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر مختلف مذہبی برادریوں کی جانب سے شجرکاری میں شرکت بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور ماحول دوست معاشرے کے فروغ کی خوبصورت مثال ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہریوں، سول سوسائٹی اور مختلف مذہبی و سماجی اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ شجرکاری مہمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ راولپنڈی کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔