ایک شہر میں دو تعلیمی پالیسیاں ناقابلِ قبول , فیڈرل ڈائرکٹوریٹ کے زیر انتظام سکول کھلے ہیں

ایک شہر میں دو تعلیمی پالیسیاں ناقابلِ قبول , فیڈرل ڈائرکٹوریٹ کے زیر انتظام سکول کھلے ہیں اور پنجاب کے تعلیمی ادارے بند، اگر جشنِ آزادی کے موقع پر تعلیمی ادارے ہی بند ہوں گے تو ہم اپنی نوجوان نسل کو تحریکِ آزادی کے مجاہدین، قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں، ہجرت کی صعوبتوں اور معرکہ حق کے بارے میں کیسے آگاہ کریں گےکمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹشن ایکٹ کی سیکشن 12-D کے تحت خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کریں۔* ایپسما رہنماؤں کا مطالبہ

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (APPSMA) کے مرکزی سینئر نائب صدر محمد فرقان چوہدری، صدر شمالی پنجاب ابرار احمد خان، نائب صدر شمالی پنجاب کرنل (ر) فواد حنیف، ڈویژنل صدر راولپنڈی ابرار ایڈووکیٹ، ڈویژنل صدر خواتین ونگ مسز سکینہ تاج اور سیکرٹری جنرل راولپنڈی ڈویژن عامر انور نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنرز سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ایکٹ کی دفعہ 12-D کے تحت اختیارات استعمال کرتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن کے نجی و سرکاری تعلیمی ادارے فوری کھولنے کا اعلان کیا جائے۔ایپسما رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام تعلیمی ادارے 3 اگست سے کھلے ہیں اور تدریسی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ پنجاب کے ادارے تاحال بند ہیں۔ ایک ہی شہر میں دو مختلف تعلیمی پالیسیوں کا نفاذ ناقابلِ قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 93 روزہ طویل تعطیلات کے باعث پہلے ہی محدود تعلیمی سال مزید متاثر ہوا ہے، جبکہ گزشتہ تعلیمی سیشن تقریباً 120 تدریسی دنوں تک محدود رہا۔ تعلیمی پالیسی بناتے وقت مقامی موسمی حالات، زمینی حقائق، طلبہ کے تعلیمی نقصان اور عدالتی احکامات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
ایپسما رہنماؤں نے کہا کہ 14 اگست محض تعطیل نہیں بلکہ قومی شعور، آزادی اور اسلاف کی قربانیوں کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا اہم موقع ہے۔ اگر تعلیمی ادارے بند ہوں گے تو طلبہ کو تحریکِ آزادی، قیامِ پاکستان کی قربانیوں اور قومی کامیابیوں سے آگاہ کرنے کے مواقع محدود ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں 14 اگست کے موقع پر ملی نغموں، تقاریر، مباحثوں اور تاریخی و قومی آگاہی پروگراموں کا انعقاد نئی نسل میں حب الوطنی اور قومی شعور اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ایپسما رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی کے زمینی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی سرگرمیاں فوری بحال کی جائیں اور 14 اگست کے موقع پر تعلیمی اداروں میں قومی و ملی تقریبات کے انعقاد کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نجی تعلیمی ادارے طلبہ کے تحفظ اور حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔