چکلا پل کے قریب نالے سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد، پولیس اور ریسکیو کا آپریشن جاری
راولپنڈی:(سید شاہد وحید ہاشمی)چکلا پل کے قریب نالے سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ایمرجنسی گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کیں،جہاں ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو نالے سے نکالنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے سمیت ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ریسکیو ٹیم اور پولیس اہلکار مشترکہ طور پر کارروائی میں مصروف رہے۔ابتدائی طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی، جبکہ موت کی وجوہات بھی فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور شناخت کے بعد ورثا تک اطلاع پہنچانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ و دیگر شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





