ڈپلومیٹک انکلیو کو جدید، محفوظ اور خوبصورت سفارتی زون بنائیں گے، محسن نقوی

چاردیواری، چیک پوسٹ کی ری ماڈلنگ، سائیکلنگ و واکنگ ٹریکس پر کام کا معائنہ، درخت نہ کاٹنے کی ہدایت

اسلام آباد(اظہار خان نیازی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے ڈپلومیٹک انکلیو کی چاردیواری، چیک پوسٹ کی ری ماڈلنگ، سائیکلنگ ٹریک اور واکنگ ٹریک پر جاری کام کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی چاردیواری پر کام ہمہ وقت جاری رہنا چاہیے اور تعمیراتی و ترقیاتی کام کے دوران ایک بھی درخت نہ کاٹا جائے۔ انہوں نے سائیکلنگ اور واکنگ ٹریکس کو جدید طرز پر تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے والے افراد کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپلومیٹک انکلیو کی سڑکوں کو مزید کشادہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈی آئی جی سکیورٹی کو ڈپلومیٹک انکلیو کا جدید اور جامع سکیورٹی پلان ازسرنو مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی علاقے کی سکیورٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کے پارکس کو بھی جدید طرز پر بحال کیا جائے گا۔ ڈپلومیٹک انکلیو کو جدید، محفوظ اور خوبصورت سفارتی زون بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کے رہائشیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو ڈپلومیٹک انکلیو میں جاری ترقیاتی کاموں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔