نجی تعلیمی اداروں کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے، عدنان نثار

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)

آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما) تحصیل راولپنڈی کے نو منتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر تحصیل راولپنڈی عدنان نثار نے کہا ہے کہ وہ خود کو ایک کارکن سمجھتے ہیں اور نجی تعلیمی اداروں کی فلاح و بہبود، مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایپسما نجی تعلیمی اداروں کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے اور وہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی کسی رکن کو مایوس نہیں کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماء شاہد، عدنان نثار اور عبید الرحمن ہزاروی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایپسما کے منشور اور مرکزی قیادت کی ہدایات کے مطابق نجی تعلیمی شعبے کے حقوق، وقار اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مقررین نے تنظیمی اتحاد، باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے نجی تعلیمی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل اور شعبے کی بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔