زاہد بختاوری کے زیرِ صدارت مال روڈ راولپنڈی پر یومِ آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد، پرچم کشائی، کیک کاٹا گیا، ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعائیں، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)
زاہد بختاوری وائس پریذیڈنٹ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ و نائب چیئرمین مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ رجسٹرڈ راولپنڈی کے زیر صدارت تجارتی ،سماجی ،مذہبی برادری کے ہمراہ جشن آزادی اور پاک افواج سے اظہار یک جہتی کی مناسبت سے مال روڈ راولپنڈی پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پرچم کشائی کی گئی، کیک کاٹا گیا،پاکستان و افواج کے لئے فلک شگاف نعرے لگائے گئے،اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام ، خوشحالی ،شہداء و افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا، جبکہ فضا پاکستان کے قومی ترانوں اور ملی نغموں سے گونجتی رہی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ تقریب سے شیخ عنایت، ناظم بٹ،ملک فاروق اعوان،تنظیم الاعوان کے صدر ملک احمد اعوان، رفیق بھاٹیہ، خان وزیر خٹک، شیخ محمد بخش، سعادت خٹک، ملک شکیل اعوان، غلام مصطفیٰ اور دیگر نے خطاب کیا، جبکہ سول ڈیفنس کی انتظامیہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔زاہد بختاوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے، نیل کے ساحل سے لے کر تا کاشغر‘‘۔ انہوں نے حاضرینِ محفل، اہلِ پاکستان اور امتِ مسلمہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے ساتھ پوری امتِ مسلمہ کے لیے بھی ایک عظیم تاریخی دن ہے۔انہوں نے کہا کہ 1400 سال قبل مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کا قیام اور 79 سال قبل قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں پاکستان کا قیام اس امر کی علامت ہے کہ کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہونے والا پاکستان امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔زاہد بختاوری نے کہا کہ آج ہم پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی سلامتی کے لیے کھڑے ہیں۔ شاہ فیصل نے امتِ مسلمہ کے اتحاد کا جو خواب دیکھا تھا، آج پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کے درمیان میثاقِ مکہ کے معاہدے کی صورت میں اس خواب کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ یہ ہم سب کی کامیابی ہے اور امید ہے کہ مزید مسلم ممالک بھی اس اتحاد اور تعاون کا حصہ بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کا سفر بہتری، ترقی اور خوشحالی کی جانب آگے بڑھے گا۔ یہ ملک ہمارا ہے اور ہمیں اس کی عزت، وقار اور سلامتی کا تحفظ کرنا ہے۔تمام شہریوں کے حقوق اور آئینِ پاکستان کی پاسداری کو مقدم رکھنا ہوگا۔ جب تک ہم ایک دوسرے کا احساس نہیں کریں گے اور متحد نہیں ہوں گے، قائداعظم کے پاکستان کے مقاصد مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔زاہد بختاوری نے عسکری اداروں، شہداء، غازیوں، نوجوانوں اور امتِ مسلمہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور جہالت کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان، امتِ مسلمہ، پاک افواج، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، موجودہ حکومت کی کامیابی و کامرانی، ملکی سلامتی و استحکام اور شہدائے پاکستان کے بلند درجات کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔