آزاد کشمیر حکومت کا احتجاجی مقدمات سے متعلق بڑا فیصلہ177 مقدمات دوبارہ بحال، سابقہ رعایتیں واپس لینے کا اعلان

مظفرآباد (بیورو رپورٹ)

آزاد جموں و کشمیر حکومت نے احتجاجی مقدمات سے متعلق سابقہ رعایتیں واپس لیتے ہوئے 177 ایف آئی آرز دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق 4 اکتوبر 2025 کے معاہدے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ تمام معاملات عملدرآمد کمیٹی کے ذریعے حل کیے جائیں گے اور کسی بھی تنازع کو مذاکرات کے ذریعے نمٹایا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر آ کر احتجاج، دباؤ ڈالنے اور انتشار پیدا کرنے کی کوششیں معاہدے کی روح اور طے شدہ شرائط کے منافی ہیں، جس کے باعث معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد پہلے ختم کیے گئے مقدمات کو معاہدے میں موجود شقوں کے مطابق دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 177 ایف آئی آرز ایک بار پھر فعال ہو جائیں گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ قانون کی عملداری اور عوامی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔