واشنگٹن میں پاکستانی ثقافت کا رنگ، یوروایشیا شارٹس فلم فیسٹیول کامیابی سے منعقد

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کا ثقافتی مکالمے، تخلیقی تعاون اور قومی تشخص کے فروغ پر زور

واشنگٹن (بیورو رپورٹ)

امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوروایشیا شارٹس 2026 فلم فیسٹیول کامیابی سے منعقد ہوا، جس میں امریکی محکمہ خارجہ، سفارتی برادری، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی اور متنوع تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پاکستان، امریکہ اور فرانس کے قومی ترانوں کی دھنوں سے کیا گیا۔ یوروایشیا شارٹس واشنگٹن میں قائم مختلف سفارت خانوں اور ثقافتی مراکز کے اشتراک سے منعقد ہونے والا شارٹ فلموں کا سالانہ فیسٹیول ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے تعاون سے پاکستان نے پہلی مرتبہ اس بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں شرکت کی، جہاں مختصر فلموں کے ذریعے قومی عزم، استقامت، سماجی ہم آہنگی اور معاشرتی قوت کو اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کے ثقافتی مکالمے اور تخلیقی تعاون سے وابستگی کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تخلیقی صلاحیتیں ہزاروں سال قدیم تہذیبی ورثے سے جڑی ہوئی ہیں اور مہرگڑھ سے وادی سواں تک ہماری تہذیب علم، فن اور تخلیقی اظہار کی روشن علامت رہی ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پیش کی جانے والی کہانیاں محض افسانے نہیں بلکہ حقیقی زندگی کے متاثر کن واقعات پر مبنی ہیں۔ ان کے بقول ان فلموں کے ذریعے پاکستان سے متعلق دقیانوسی تصورات کو حقیقی انسانوں، ان کی جدوجہد اور کامیابیوں کی کہانیوں سے بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان ایک قدیم تہذیب کا حامل ملک ہے لیکن پسماندہ نہیں، بلکہ یہاں علم، وسعت قلبی اور روشن خیالی کی روایات ہمیشہ پروان چڑھتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلمیں اس امر کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق، تنوع اور سماجی شمولیت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تخلیقی صلاحیتیں مختلف قوموں اور تہذیبوں کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہیں اور پاکستان آئندہ بھی عالمی ثقافتی سفر میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیں، ہم سب مل کر تخلیقی صلاحیتوں کا جشن منائیں۔
فیسٹیول کے دوران پاکستان اور فرانس کی دو، دو مختصر فلمیں پیش کی گئیں جبکہ نوجوانوں پر مشتمل پرجوش شرکاء نے ایوارڈ یافتہ فلم سازوں کے سنیماٹک مکالمے سے بھرپور لطف اٹھایا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستانی سفارت خانے کی میزبانی، پاکستانی ثقافت اور روایتی مہمان نوازی کو بے حد سراہا۔ الائنس فرانسیز کی ڈپٹی اور اکیڈمک ڈائریکٹر آمنہ مدجلسی نے سفیر پاکستان اور سفارت خانے کی ٹیم کو کامیاب اور یادگار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔