تعلیمی اداروں کے گرد منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(آصف ملک)

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 6 کارروائیوں میں خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 17 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 22.88 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔

اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے قریب کی گئی کارروائیوں میں جی ٹی روڈ اٹک کے نزدیک ایک موٹر سائیکل سوار ملزم سے 1.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ پیرس روڈ سیالکوٹ کے قریب ایک اور موٹر سائیکل سوار کے قبضے سے 670 گرام چرس برآمد ہوئی۔

اسی طرح آئی جے پی روڈ راولپنڈی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 600 گرام چرس، 2 گرام کوکین اور 10 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

دیگر کارروائیوں میں جامشورو ٹول پلازہ کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 12 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ سہراب گوٹھ کراچی کے قریب ایک ملزم سے 6 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔

چائنہ چوک اٹک کے قریب ایک گاڑی سے 1.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔