پولیس مقابلے میں دوہرے قتل کا مطلوب ملزم ہلاک، ساتھی فرار

راولپنڈی(صنوبر کیانی) تھانہ گوجرخان کے علاقے میں رات گئے پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک انتہائی خطرناک اور مطلوب ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان نے معمول کی گشت پر موجود پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ کردی۔ جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ہلاک ملزم کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور تھانہ ریس کورس کی حدود سے اسلحے کے زور پر چھینا گیا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق غلام رسول دوہرے قتل، قتل، اقدام قتل اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ وہ دوہرے قتل کے ایک مقدمے میں سزا یافتہ بھی رہ چکا تھا۔ ملزم پر الزام تھا کہ اس نے کچھ عرصہ قبل مندرہ کے علاقے میں فائرنگ کرکے باپ اور بیٹے کو قتل کیا تھا اور واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے خطرناک ملزمان کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر ایس پی صدر، اے ایس پی صدر، ایس ایچ او گوجرخان اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔